تعلیمی اداروں کے گرد کورونا کا گھیرا تنگ،8 اسکولوں کے 65 بچوں میں کورونا کی تصدیق۔

چترال(ویب ڈیسک)  نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے زیر تعلیم65  طالب ِعلموں میں  کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد محکمہ صحت نے متاثرہ اسکولوں میں لاک ڈاؤن لگانے کی سفارش  پیش کردی ہے۔ اس سلسلے میں چترال کے ضلعی صحت افسر کا کہنا ہے کہ کل 8 اسکولوں کے 65 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 8 میں سے چار اسکول سرکاری ہیں اور چار نجی ہیں۔ عالمی وباء کے روک تھام کے اقدام کے سلسلے میں صوبہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے  اعلان کیا گیا ہے کہ صوبے کے نجی اسکولوں میں ویکسین نہ لگوانے والے اساتذہ اور عملے کو تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس سلسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسے اساتذہ اور عملے کو ڈیوٹی سے غیر حاضر تسلیم کیا جائے گا۔ صوبائی ڈائریکٹوریٹ برائے ایلمنٹی اینڈ سیکنڈری تعلیم کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ احکامات محکمے کے دیگر ملازمین پر بھی لاگو ہوں گے۔جبکہ خیبر پختونخوا میں کورونا  کی صورتحال  تشویشناک ہے۔ خیبر پختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 584 نئے کیسز اور 20 اموات سامنے آئیں۔ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4062 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ مزید 84 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں