جماعت اسلامی کا27 رمضان المبار ک کو امریکی سفارت خانے کی جانب ملین مارچ کا اعلان

اسلام آباد(نیوزٹویو) جماعت اسلامی نے 27 رمضان کو امریکی سفارت خانے کی جانب ملین مارچ کرنےکا اعلان کیا ہے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکی سفارت خانوں پر ملین لوگوں کے ساتھ آئیں گے، چاروں طرف ملک لوٹنے والے بیٹھے ہیں، اسمبلی اجلاسوں میں غزہ کا کوئی ذکر نہیں ہوتا۔ پارلیمنٹ میں بے جان قراردادیں پاس کی جاتی ہیں، جمعتہ الوداع کو امریکی سفارت خانے کی طرف مارچ کریں گے۔ 25 لاکھ کی آبادی ایک بہت بڑی طاقت کے سامنے موجود ہے، فلسطینیوں نے ثابت کیا کہ ایمان کی طاقت اس سے زیادہ ہے۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے اتوار کوغزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، آج ایوان صدرمیں آصف علی زرداری نے حلف اٹھایا ہے، چاروں اطراف ایسے چہرے تھے جو کئی سالوں سے ملک کو لوٹ رہے ہیں۔
افسوس وزیراعظم شہبازشریف کی پوری تقریر میں غزہ کا ذکر نہیں تھا، رمضان المبارک کے 27 ویں روزے جمعہ کو امریکی سفارتخانے کی جانب ملین مارچ کریں گے، ہم نے دوبارہ امریکی سفارت خانے کی طرف آنا ہے، فلسطینیوں کی حمایت میں واشنگٹن میں جلوس نکالا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر رمضان کے مہینے میں حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو ہم ایوان صدر یا امریکی سفارت خانے میں داخل ہوں گے۔دو خاندان پاکستان پر مسلط ہوگئے ہیں، ان دوخاندانوں کی وجہ سے پاکستان کا خزانہ، تہذیب محفوظ نہیں ہے، انہی دوخاندانوں نے پاکستان کے خزانے کو نچوڑا ہے، یقین دلاتا ہوں ان دوخاندانوں کی آخری باری اور آخری وار ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلزپارٹی، (ن) لیگ نے 300 یونٹ بجلی مفت دینے کا اعلان کیا تھا، اگرمارچ کے مہینے میں 300 یونٹ پر بجلی کا بل آیا تو پھر تمہارا گریبان ہوگا۔ اب جھوٹ کی سیاست نہیں چلے گی، ہم حقیقی حزب اختلاف کا کردارادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں