جڑانوالہ واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(نیوزٹویو)پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جڑانوالہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے فیصل آباد میں ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کی اور پاکستانی عوام بھی مسیحی برادری سے سلوک پر دکھی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس واقعے پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات جاری ہیں، اس موقع پر انہوں نے مبینہ لیک پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ان دستاویزات پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے۔

ان کا کہنا ہے کہ 13 اگست کو گوادر میں سی پیک پر کام کرنے والے چینی انجینئرز پر حملہ کیا گیا تاہم خوش قسمتی سے اس حملے میں تمام چینی انجینئر محفوظ رہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گوادر حملے میں ملوث تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، پاکستان تمام چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم وستم کی مذمت کرتا ہے، کشمیرمیں موجودہ حالات پر اقوام عالم کو بھی کشمیریوں کی آواز پہنچاتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہماری کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کی جائے، بھارت ایسا ماحول فراہم کرے کہ کھلاڑی جان کے خوف کے بغیر کھیل میں حصہ لے سکیں۔

انہوں نے روسی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ روسی حکومت کی جانب سے پاکستان کا یوم آزادی منانے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور پاکستانی عوام روسی عوام اور حکام کا یوم آزادی منانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں