جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملےمیں ملوث76شرپسندگرفتارکرلیے،سی پی اوراولپنڈی

راولپنڈی(نیوزٹویو) پولیس نےتحریک انصاف احتجاج کے دوران جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملے اور توڑ پھوڑ میں ملوث 76 شر پسندوں کو گرفتار کر لیا ہے ان میں سے 26 کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیا۔ پولیس نے میٹرو بس اسٹیشنز کو جلانے والے 27 ملزمان بھی دھر لئے ہیں اتوارکوپریس کانفرنس کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ گھناؤنے جرائم میں ملوث عناصر کو اپنے کیئے کی سزا ضرور ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس 17مقدمات میں 264 افراد کو گرفتار کر چکی ہے جبکہ مقدمہ نمبر 708 تھانہ آراے بازار (جی ایچ کیو کیس) میں کل گرفتار شرپسندوں کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز گرفتار ہونے والے شرپسندوں میں احسان، عبداللہ، ادریس، وقاص، ایاز، قمر الزمان، عمر، علی حسین، فرہاد اللہ، عصمت، ابوبکر، قمر زمان، سجاد منیر، نبیل، صداقت، نعمان، عامر شاہد، فرہاد، شہریار، لعل شاہ، اکمل، عدیل، پیرزادہ شہباز، ارشد، منور اور سید قمر شامل ہیں۔

 سی پی او نے کہا کہ ویڈیوز کے ذریعے شناخت کر کے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، ویڈیو میں پٹرول چھڑکتا ہوا نظر آنے والا شخص بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ہجوم کو جی ایچ کیو گیٹ کی جانب اکسانے والا شخص بھی دھر کرلیا گیا۔ گیٹ کو توڑنے والوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہنگاموں کے دوران شاہراہیں چلتی رہیں اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی بھی محفوظ رہی، میٹرو بس کا 80 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ 20کے قریب پولیس گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پر تشدد کاروائیوں میں ایس ڈی پی او وارث خان اور ایس ایچ او رتہ امرال سمیت 29افراد و جوان زخمی ہوئے۔ راولپنڈی میں انٹیلیجنس کا فقدان نہیں تھا، انھوں نے بھرپور تعاون کیا جس کی وجہ سے راولپنڈی میں حالات زیادہ خراب نہیں ہوئے، نقصانات کا تخمینہ حکومت لگا رہی ہے۔ جو جو گھناؤنے جرم میں ملوث ہے انکی تفتیش نہایت جامع ہوگی۔

سی پی او نے کہا کہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن زنیرہ اظفر کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی حساس اداروں سے متعلق مقدمات کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ پہلے سے جیل بھجوائے گئے 90کے قریب ملزمان کو بھی شواہد کی بنیاد پر ان مقدمات میں قانون کے مطابق طلب کیا جا رہا ہے جبکہ شرپسندوں کی لیڈر شپ کی گرفتاریوں کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، شرپسند ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں