حکومت یہودی مصنوعات پر پابندی لگائے۔آل پا کستان ا نجمن تاجران

آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ کی قیادت میں آبپارہ چوک میں فلسطینیوں کے قتل عام اور اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ سیکریٹری خالد چوہدری، یوسف راجپوت، راجہ حسن اختر، اظہر امین ، شفیق عباسی، شاہد عباسی، چوہدری عرفان، ذوالقرنین عباسی ، راجہ زاہد دانیال، آصف محمود، اور کئی دیگر تاجر نمائندوں نے ریلی میں شرکت کی۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلی کا بچہ مر جائے تو چند انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں موم بتیاں جلاتی ہیں لیکن یہودی دہشت گردوں نے 200 سے زائد فلسطینی مسلمان شہید کر دیے لیکن کوئی احتجاج کرنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں درجنوں عمارتوں کو تباہ کردیا گیا دو، درجن سے زائد چھوٹے بچے شہید کر دیے گئے لیکن حکومت نے روایتی بیان جاری کیا ہے۔ قرآن کا فیصلہ ہے کہ یہود کسی کے دوست نہیں ہوسکتے، بیت المقدس انبیائے کرام کا مسکن ہے، مسلمان ہر حال میں اس کا تحفظ کریں گے۔ فلسطینیوں کو آبائی زمین سے بے دخل کر کے یہودیوں کو آباد کرنا ریاستی دہشت گردی کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی طرف سے مذمت نہ کرنا اور خاموشی معنی خیز ہے۔ ٹی وی پر دہشتگردی کے مناظر دیکھ کر دل دہل جاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سرکاری طور پر یہودی اور اسرائیلی مصنوعات پر پابندی عائد کی جائے اور تاجر برادری فوری طور پر ان مصنوعات کا بائیکاٹ کرے۔ ریلی سے خالد چوہدری، یوسف راجپوت، عرفان چوہدری، شفیق عباسی اور ذوالقرنین عباسی نے بھی خطاب کیا اور مطالبہ کیا کہ یہودیوں کو مسلمانوں کے قتل عام سے روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں