دردانہ بٹ کے انتقال کی خبر نے شوبز فنکاروں کو رنجیدہ کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گزشتہ روز کورونا کے باعث انتقال کر جانے والی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کے انتقال کی خبر نے شوبز فنکاروں کو رنجیدہ کردیا۔ شوبز انڈسٹری کے معروف فنکار دردانہ بٹ کی موت پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغامات شیئر کررہے ہیں۔ عائشہ عمر، شگفتہ اعجاز، فاطمہ آفندی، بشریٰ انصاری، فیصل قریشی، عدنان صدیقی و دیگر نے سوشل میڈیا پر خصوصی طور پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے پیغام شیئر کیا ہے۔ فیصل قریشی نے لکھا کہ ’دردانہ بٹ زندگی کے ہر شعبے میں شاندار رہی ہیں، ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، اللہ دردانہ بٹ کے درجات بلند کرے، آمین۔ سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ “الوداع کرنا اتنا تکلیف دہ  ہوسکتا ہے اس کا کبھی اندازہ نہیں ہوا تھا،دردانہ ایک مضبوط خاتون تھیں جنہوں نے مشکل زندگی گزاری لیکن کبھی کمزوری نہیں دکھائی”۔ عدنان صدیقی نے لکھا کہ “دردانہ آپا ، اداکاری اور ماہر تعلیم کا ایک متاثر کن امتزاج تھیں، آپ کی ملین ڈالر مسکراہٹ نے ہم سب کو آپ کا مداح بنا دیا ہے۔ اللہ آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے! آمین۔” سونیا حسین نے لکھا کہ “دردانہ آپا ہماری انڈسٹری کا روشن ستارہ تھیں، اُن کے کام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔” عائشہ عمر نے “دردانہ بٹ کیلئے جاری پیغام میں کہا کہ وہ ہر محفل کی جان ہوتی تھیں، ان کی سکھائے اور پڑھائے سبق ہمیشہ یاد رہیں گے۔”  واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کورونا کے باعث گزشتہ روز 83 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ دردانہ بٹ 9 مئی 1938ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں، دردانہ بٹ نے اداکاری کا آغاز 70 کی دہائی میں کیا۔ دردانہ بٹ کے مشہور ڈراموں میں آنگن ٹیڑھا، ڈگڈگی، تنہائیاں، ففٹی ففٹی، رسوائی، انتظار شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں