زائرین خیال رکھیں،حرمین شریفین نعرے بازی،شور کے لیے نہیں،شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس

مکہ مکرمہ(ویب ڈیسک) حرمین شریفین کی انتظامیہ میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ حرمین شریفین جائے عبادت ہے، یہ نعرے بازی اور شور کے لیے نہیں،حرمین شریفین میں “‏لبیک اللھم لبیک” کے علاوہ کوئی نعرہ قابل قبول نہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حرمین انتظامیہ کی جانب سے یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب میں شیخ عبدالرحمن سدیس نے کہا کہ حرمین شریفین میں امن وامان کی گہری دینی جڑیں ہیں کیوں کہ امن وامان کو حرم سے مربوط کر دیا گیا جب کہ امن وامان حرم سے ہی وابستہ ہے۔زائرین کو چاہیے کہ اس ربط کا خیال رکھیں کیوں کہ حرمین شریفین میں امن وامان سرخ لکیر ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین جائے عبادت ہے، یہ نعرے بازی اور شور کے لیے نہیں نہ ہی اس میں عبادت کے علاوہ کوئی اور کام کیا جاسکتا ہے جذبات میں آ کر مسجد حرام، مسجد نبوی اور مقدس مقامات میں عبادت کے علاوہ کسی اور چیز میں اپنا وقت صرف نہ کریں۔
شیخ السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین عبادت کے لیے آتے ہیں، انہیں چاہیے کہ اسی میں اپنا وقت گزاریں، زائرین حرمین کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اپنے مناسک آسانی اور سہولت کے ساتھ انجام دے سکیں۔ حرمین انتظامیہ نے زائرین کے لیے روحانی اور پر امن ماحول مہیا کر رکھا ہے تاکہ بندہ اپنے خالق سے وابستہ ہو، اس لیے زائرین کو دنیاوی أمورمیں نہیں الجھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین میں تلبیہ کے علاوہ کوئی اور نعرے اٹھانے والوں کے ساتھ سکیورٹی اہلکار سختی سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مستعد ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے دین اور وطن کا سودا کرنے والوں کی طرف توجہ نہ دیں، یہ لوگ افواہیں پھیلا کر، بعض انفرادی کاموں کو نمایاں کرکے فتنہ و فساد کو ہوا دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں