سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی 20جولا ئی کو نیب میں طلب

اسلام آباد(نیوزٹویو) قومی احتساب بیورونے(نیب) نے کرپشن کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کو 20 جولائی کوتحقیقات کے لیے نیب کے دفتر طلب کرلیا ہے۔ نیب نےفرح گوگی کو طلبی کا نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔نیب کی جانب سے جاری ہونے والا نوٹس فرح گوگی کی رہائش گاہ 99 وائی بلاک ڈی ایچ اے لاہور میں بھجوایا گیا جو فرح خان کے ملازم نے وصول کیا ہے۔ یہ وہی گھر ہے جس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح ہوا تھا۔نیب نے فرح گوگی کو پہلی بار نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے پاس تمام معلومات ہیں، آپ تمام دستاویزات کے ساتھ کسی مرد کے ہمراہ 20 جولائی کونیب آفس میں پیش ہوں۔

ذرائع کے مطابق فرح گوگی کے خلاف کیس میں یہ انتہا ئی اہم پیشرفت ہے کیوں کہ گزشتہ دو سے 3 ماہ میں تمام متعلقہ اداروں ایس ای سی پی، ایف بی آر اور پنجاب لینڈ اتھارٹی نے تحقیقات کیں، اور فراہم ہونے والی تمام دستاویزات و ریکارڈ کی چھان بین کے بعد ہی یہ نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔اس نوٹس سے کچھ دیر قبل ہی نیب لاہور نے فرح خان کے 8 مبینہ بزنس پارٹنرز کو بھی کل اور پرسوں کے لئے طلبی نوٹس جاری کئے ہیں اور مجموعی طور پر 20 افراد کی تحقیقات جاری تھی۔دریں اثنا سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی سہیلی فرح خان کو دبئی سے پاکستان واپس لا نے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فرح خان کو دبئی سے واپس لانے کی قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کرپشن کیسز میں تفتیش کیلئے فرح خان کی موجودگی ضروری ہے جبکہ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ فرح خان نے عمران نیازی کی فرنٹ پرسن کا کردار ادا کیا، ان سے حقائق معلوم کرنے ہیں۔

پی ٹی آئی سینٹرل سیکریٹریٹ کے چار ملازمین کے بینک اکاﺅنٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے عمران خان کے مبینہ خفیہ اکاﺅنٹس کیلئے عالمی بینکس سے رابطے کا بھی فیصلہ کرلیاگیا ہے، جب کہ فارن فنڈنگ کا 2013 تا 2021 کا ریکارڈ منگوایا جائیگا ریکارڈ سے پتا چلے گا کہ دھرنے میں کس نے کتنا پیسہ دیا۔ ایف آئی اے اور ایف بی آر ریکارڈ کے تحت کارروائی کرینگے۔ ڈیٹا ایکسچینج معاہدے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے گوشواروں اور آمدن کی اسکروٹنی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں