سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا ٹریفک حادثے میں زخمی

کراچی(نیوزٹویو) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اورجی ڈی اے کی رہنما ڈاکٹر فہمیدہ مرزا شہر قائد میں ٹریفک کےحادثے میں زخمی ہوگئیں۔حادثہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان شمشیر پرپیش آیا، حادثے میں فہمیدہ مرزا زخمی ہوگئیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے
فہمیدہ مرزا کے صاحبزادے حسنین مرزا نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ کی گاڑی کو پیچھے سے آنے والی دوسری گاڑی نے ٹکر ماری، جس سے وہ زخمی ہوگئیں۔
حسنین مرزا نے بتایا کہ ان کی والدہ کو کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ فہمیدہ مرزا پاکستان کی واحد خاتون اسپیکر قومی اسمبلی ہیں اور وہ مارچ 2008 سے جون 2013 تک اپنے عہدے پر رہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے فرائض انجام دینے والی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اب صوبہ سندھ کے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شامل ہیں، ان کے شوہر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا بھی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ ہیں۔
ڈاکٹر ذوالفقار مرزا پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں سندھ کے وزیرداخلہ بھی رہے تاہم انہوں نے جون 2011 میں اپنے عہدے سے مستعفی ہوکر پارٹی سے راہیں جدا کرلی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں