سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹرز میں ویکسین کی قلت

لاہور: (نیوز ڈیسک) لاہور اور کراچی کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر میں ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی۔ سائنو فارم، سائنو ویک اور آسٹرازینیکا کا اسٹاک ختم ہوگیا۔ ایکسپو سینٹر میں دوسری ڈوز لگوانے والوں کیلئے سائنو فارم موجود ہے جبکہ انتظار گاہ میں بیٹھے لوگ ویکسین کے منتظر ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایکسپو میں ڈیٹا کا ایشو آ رہا ہے، تھوڑی دیر تک مسئلہ حل ہو جائے گا۔ اسی طرح کراچی کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر میں چینی ویکسین کی قلت ہوگئی۔ طبی عملے کے مطابق سائنو فارم، سائنوویک اور کین سائنو ویکسین موجود نہیں، صرف 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو آسٹرازینیکا لگائی جا رہی ہے۔ ایکسپو سینٹر آنے والے نوجوان ویکسی نیشن کے بغیر واپس لوٹنے لگے۔ ادھر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں، ڈوزز موجود ہیں، معمولی تاخیر سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، ایکسپو سنٹر میں روزانہ 11 ہزار ویکسین لگتی ہے، لوگوں کا اصرار ہے باہر جانا ہے، ایسٹرا زینیکا لگائی جائے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 59 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 782 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 43 ہزار 27 ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں