سدھو موسے والا کے چھوٹے بھائی کی پیدائش پر مداحوں کا ردعمل

اسلام آباد(ویب ڈیسک)بھارتی آنجہانی معروف پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ المعروف سدھو موسے والا کے والدین نے دوسرے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا تو آنجہانی گلوکار کے مداح خوشی سے نہال ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے بذریعہ سوشل میڈیا ننھےمہمان کی آمد کا اعلان کیا تو ایک جانب صارفین نے انہیں مبارک باد پیش کی تو بعض صارفین نے کہا ’سدھو موسے والا لوٹ آیا ہے‘۔
سدھو موسے والا کے چھوٹے بھائی کی پیدائش کی خبر نے انٹرنیٹ صارفین کو حیران اور گلوکار کے مداحوں کو خوشی سے نہال کر دیا ہے۔
سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے گزشتہ روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ننھے مہمان اور آنجہانی گلوکار کی تصویر کے ساتھ نئی تصویر شیئر کی۔
مذکورہ پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے آنجہانی گلوکار کے والدین کو ننھے مہمان کی آمد پر مبارک باد دی.
بیشتر مداحوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’کنگ لوٹ آیا ہے‘، ’ سدھو واپس آگیا ہے‘، ’لیجنڈ کبھی مرتا نہیں‘ بعض صارفین نے اس ننھے مہمان کے لیے دعا بھی کی کہ اسے صحت و تندرستی والی لمبی زندگی ملے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ سے جب نومولود کے نام کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’یہ میرے لیے شبھ دیپ ہی ہے، اس کا چہرہ اور نین نقش بھی شبھ دیپ جیسے ہی ہیں‘۔
خیال رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022ء میں ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا اور اس وقت ان کی عمر 28 سال تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں