سری لنکن ٹیم سمیت متعدددہشت گرد حملوں میں ملوث انتہائی مطلوب دہشتگرداقبال بالی ہلاک

اسلام آباد(نیوزٹویو)قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بڑی کامیابی ملی ہے سری لنکن کرکٹ ٹیم پرحملے میں ملوث کالعدم دہشت گرد تنظیم القاعدہ اور تحریک طالبان پاکستان کا انتہائی مطلوب دہشتگرد اقبال عرف بالی پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق خفیہ ادارے کی پیشگی اطلاع پر خیبرپختونخوا پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی میں ڈیرہ اسماعیل خان القاعدہ اور ٹی ٹی پی کھیارہ گروپ کا انتہائی مطلوب اور سرکردہ دہشت گرد اقبال عرف بالی کھیارہ مارا گیا۔ پولیس نے اسے مقابلے کے بعد ہلاک کیا۔

دہشتگرد اقبال عرف بالی کھیارہ پولیس پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ اور بر وقت کارروائی کے نتیجے میں ساتھی سمیت فتح موڑ کے قریب ہلاک ہوا۔

حکومت نے دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کی 26 وارداتوں میں خیبرپختونخواہ اور پنجاب پولیس کو مطلوب انتہائی خطرناک دہشتگرد اقبال عرف بالی کھیارہ کی زندہ یا مردہ گرفتاری کیلئے 1 کروڑ 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کر رکھا تھا۔

اقبال عرف بالی کھیارہ سی ٹی ڈی پولیس ڈیرہ اسماعیل خان کو دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، پولیس اہلکاروں اور اہل تشیع مکتب سے تعلق رکھنے والے افراد کو تاوان کی غرض سے اغواء کے 21 مقدمات سمیت ملتان پولیس کو 5 مقدمات میں مطلوب تھا۔

ڈیرہ پولیس حکام کے مطابق اقبال عرف بالی حالیہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ٹراما سینٹر خود کش دھماکے سمیت سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے میں بھی ملوث تھا، دہشت گرد بالی کھیارہ کی ہلاکت کے پی پولیس کی رواں سال کی سب سے بڑی کامیابی سمجھی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں