سعودی عرب نےپاکستان کےمرکزی بینک میں جمع3ارب ڈالرکی مدت میں توسیع کردی

اسلام آباد(نیوزٹویو) سعودی عرب کی حکومت نے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کے لیے پاکستان کے مرکزی بینک میں جمع تین ارب ڈالر کےڈپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی سفارت خانے سے جاری کیے گئےبیان کے مطابق سعودی فرمانرواہ شاہ سلمان کی ہدایت پر سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع تین ارب کے ڈپازٹ میں توسیع کا اعلان کیا ہے تاکہ پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں آسانی فراہم کی جا سکے۔

پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے بھی جمعے کوجاری بیان میں سعودی فیصلے کو سراہا گیا ہے۔ بیان کے مطابق ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی مدد کا تسلسل ہے، کیونکہ ڈپازٹ کا مقصد بینک میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو بڑھانا اور پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنے میں مدد کرنا ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق اس رقم نے پاکستان میں کورونا کے معاشی اثرات اور بیرونی شعبے کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور ملک کے لیے پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شاہی خاندان کی ہدایت کے بعد سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر گذشتہ سال نومبر 2021 میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ دستخط کیے تھے جو دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کی عکاسی کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں