سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرامرحلہ ،پولنگ کا وقت ختم ،ووٹوں کی گنتی جا ری

کراچی (نیوزٹویو) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے،پورا دن پولنگ کا عمل مجموعی طور پر شفاف اور پرامن طریقے سے جاری رہا البتہ چند مقامات سے بدامنی اور انتخابی بے ضابطگیوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں ۔صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہا جبکہ الیکشن کمیشن نے واضح کیا تھا کہ پولنگ کے وقت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا اور 5 بجے کے بعد صرف پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجود شہریوں کو حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں جاری بلدیاتی انتخابات کے دوران 80 لاکھ سے زائد ووٹررجسٹرڈ ہیں۔ جبکہ صوبے کے 16 اضلاع میں ووٹرز کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدے کے لیے 17 ہزار 863 امیدواروں نے حصہ لیاہے کراچی میں 4 ہزار997 اور حیدرآباد ڈویژن میں 8 ہزار876 پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔کراچی میں قائم پولنگ اسٹیشنز میں سے ضلع جنوبی میں ایک ہزار 48، ضلع شرقی میں 2 ہزار 46، ضلع غربی میں ایک ہزار 903 پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ان میں سے تقریباً 8 ہزار153 پولنگ اسٹیشنز کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اس وقت اہم پیش رفت ہوئی تھی جب حال ہی میں تمام دھڑوں کے انضمام کا اعلان کرنے والی متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ یاد رہے کہ کراچی کے سابقہ میئر وسیم اختر کا تعلق متحدہ قومی مومنٹ سے تھا

بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے ساتھ ہی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے عوام سے گزارش کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کر جمہوریت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں