سندھ میں اپوزیشن جماعتوں نےبلدیاتی قوانین کے خلا ف احتجاج اور علامتی دھرنا

کراچی(نیوزٹویو) سندھ میں اپوزیشن جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ، تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت دیگرجماعتوں نے بلدیاتی قانون کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔ہفتہ کوکراچی میں فوارہ چوک پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بلدیاتی قانون کے خلاف مشترکہ احتجاج کیا گیااس موقع پر اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، نصرت سحر عباسی، خواجہ اظہار، ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان سمیت دیگر نے احتجاجی شرکا سے خطاب کیا

ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاج ختم کرکے واپس جا نے کی بجائے شاہراہ فیصل میٹرو پول پر دھرنا شروع کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل ساری جماعتیں، پی ٹی آئی، مسلم لیگ فنکشنل بھی ہمارے ساتھ بلدیاتی قانون کے خلاف دھرنے میں بیٹھیں گی اور ہم اُس وقت تک واپس نہیں جائیں گے جب تک سندھ حکومت متنازع قانون کو منسوخ نہیں کرتی یا اسے واپس نہیں لے لیتی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ اگرنیا بلدیاتی قانون اتنا اچھا قانون ہے تو وزیراعلیٰ سندھ ہمیں سیہون کے دورے پر بلا لیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں تو حکومت شوشا چھوڑتی ہے کہ ایم کیو ایم لسانیت کی سیاست کرتی ہے، پی پی ظالم اور جابر ہے ان کا اقتدار اور ظلم اب ختم ہونے والا ہے۔سندھ حکومت کا تنخواہ دار شخص کہتا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں15 سو لوگ نہیں لاسکتیں، وہ آکر دیکھ لے کہ یہاں 15ہزار سے زیادہ لوگ جمع ہیں اور یہ مجمع کسی کی کرپشن بچانے یا مقدمات ختم کرانے کے لیے جمع نہیں ہوا۔خواجہ اظہار نے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ناصر شاہ 10سال گزرگئے، وہ 10 ہزار بسیں کہاں ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا نیا بلدیاتی قانون ہی کالا نہیں ان کا منہ بھی کالا ہے۔ ابھی تو پارٹی شروع ہوگئی ہے، یہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی گندم کھانے والوں چوہوں کو پکڑنے کے لیے پنجرے لگا لیے، کالے قانون کیخلاف گھوٹکی سے کراچی تک مارچ ہوگا۔ سندھ کے حکمران مافیاز ہیں، سندھ کے حکمران گندم کے ساتھ ساتھ کھاد اور ویکسین بھی کھاتے ہیں، سندھ کے حکمران آئین توڑنے والے حکمران ہیں۔ ہم علی بابا اور چالیس چوروں کے خلاف نکلے ہیں۔ تحریک انصاف سندھ کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ آج کراچی کی جمہوریت پسند جماعتیں سڑکوں پر ہیں۔اس کالے قانون کے خلاف لوگ احتجاج کررہے ہیں، ہمارا مقصد بااختیار بلدیاتی نظام لانا ہے۔ ہم کسی صورت اس کالے قانون کو قبول نہیں کریں گے، یہ تحریک آج کراچی سے شروع ہوئی ہے۔ سندھ حکومت کے کالے قانون کو مسترد کرچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں