سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارتِ داخلہ کے مجاز افسر کو طلب کر لیا

اسلام آباد(نیوزٹویو)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پر وزارتِ داخلہ کے مجاز افسر کو طلب کر لیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے سماعت کرتے ہوئے وزارتِ داخلہ کے مجاز افسر کو 3 اپریل کو طلب کر لیا۔
دورانِ سماعت پی ٹی اے کی جانب سے تحریری جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دیا گیا۔
پی ٹی اے کے وکیل نے بند لفافے میں ایک لیٹر اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کر دیا اور بتایا کہ یہ لیٹر صرف عدالت کے دیکھنے کے لیے ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے لیٹر پڑھنے کے بعد کہا کہ اس میں تو کچھ بھی نہیں، یہ لیٹر پٹیشنر کے وکیل کو بھی دکھا دیں۔
درخواست گزار کے وکیل سردار مصروف نے کہا کہ یہ لیٹر تو پہلے ہی سوشل میڈیا پر موجود ہے۔
پی ٹی اے کے وکیل نے کہا کہ اس لیٹر کی وجہ سے ایکس پر پابندی لگائی گئی ہے، میں تو اس لیٹر پر عمل کا پابند ہوں، جواب تو وزارتِ داخلہ نے دینا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کہا کہ جینوئن وجوہات ہونی چاہئیں، اسٹیٹ یا نیشنل سیکیورٹی کا معاملہ ہو تو صورتِ حال مختلف ہے، ایکس رائے کے اظہار کا پلیٹ فارم ہے، یہ پٹیشن بہت لوگوں کی نمائندگی کرتی ہے جو ایکس استعمال کرتے ہیں، یہاں تک ٹھیک ہے کہ آپ ریگولیٹری اتھارٹی ہیں، آپ یہ کرنے کے پابند ہیں، وزارتِ داخلہ میں سے کسی کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں، جو کچھ لکھا جاتا ہے شاید کسی کو پسند نہ آئے، عدلیہ پر بھی بہت کچھ لکھا جاتا ہے، 20، 30 سال میں چیزیں تبدیل ہوئیں، کسی قاعدے قانون کے تحت ہی آپ قدغن لگا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں