سکیورٹی فورسز اوردہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کاتبادلہ،2جوان شہید،2دہشت گردجہنم واصل

اسلام آباد(نیوزٹویو) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 سپاہی شہید ہوگئے۔ بدھ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 4 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں چارسدہ سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ سپاہی وقاص علی شاہ اور پشاور سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی باسط علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔علاقے میں کسی مزید دہشت گرد کو ٹھکانے لگانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ 16 اپریل کو خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے زرملان میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ دو سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں