سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 3حملے ناکام بناکر7کوجہنم واصل کردیا،3جوان شہید

راولپنڈی(نیوزٹویو) سکیورٹٰی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت میں دہشت گردوں کے 3 حملے ناکام بنا دیےاورجوابی کارروائی میں 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔ جمعہ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ 27/28 اپریل کی رات لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی چوکی کے قریب موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور حملہ آور کے دیگر ساتھیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

ضلع لکی مروت کے علاقے امیرکلام اور تاجبی خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ دو دیگر مقابلوں میں دہشت گرد کمانڈر موسیٰ خان سمیت 3 مزید دہشت گرد مارے گئے اور ہلاک ہونے والے سات دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ نائب صوبیدار تاج میر ، ضلع ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ حوالدار ذاکر احمد اور ڈیرہ اسمٰعیل خان سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی عابد حسین شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جا رہی ہے اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 26 اپریل کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں