سکیورٹی فورسز کا بونیر میں آپریشن،انتہائی مطلوب دہشتگرد جہنم واصل،2جوان شہید

راولپنڈی(نیوزٹویو) خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کر کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو جہنم واصل اور اس کے دو ساتھیوں کو زخمی کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع بونیر میں دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا، آپریشن کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشتگردوں کا سرغنہ سلیم عرف ربانی ہلاک اور 2 دہشتگرد زخمی ہوئے جبکہ دہشتگردوں سے مقابلے میں 2 بہادر جوان بھی شہید ہو گئے۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک حسیب جاوید اور حوالدار مدثر محمود شہید ہوئے۔
حوالدار مدثر محمود شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے جنہوں نے 16 سال تک پاکستان آرمی میں ذمہ داریاں سرانجام دیں، انہوں نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور 2 بیٹے چھوڑے۔
لانس نائیک حسیب جاوید شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ سے ہے، لانس نائیک حسیب جاوید شہید نے 5 سال تک پاکستان آرمی میں ذمہ داریاں سرانجام دیں اور سوگواران میں والدین، اہلیہ اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ دہشتگرد سلیم عرف ربانی سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد سلیم انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقررکر رکھی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں