سیلاب متاثرین کے لیےکشتیوں اورمچھردانیوں سمیت تمام امدادی اشیئاٹیکس سےمستثنیٰ ہیں،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(نیوزٹویو)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے کشتیوں اور مچھردانیوں سمیت ہرقسم کی تمام امدادی اشیا کو ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے۔ وفاقی کابینہ نے 30اگست کو ٹیکس استثنیٰ کی منظوری دی تھی مریم اورنگزیب نے متاثرین سیلاب کی امدادی اشیا پر ٹیکس استثنیٰ دینے سے متعلق کابینہ کے فیصلے کی تفصیلات جاری کر دیں ہیں۔ جمعرات کو جاری کردہ بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی کابینہ نے 30 اگست 2022 کو ٹیکس استثیٰ کی منظوری دی تھی، سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے مچھردانیوں، کشتیوں سمیت تمام امدادی اشیا کو ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ 30 اگست 2022 کو وفاقی کابینہ کی جانب سے ٹیکسوں سے استثنیٰ دینے کی منظوری پر فوری عمل ہوا تھا، وزارت خزانہ اور فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) نے عمل درآمد کا ‘ایس آر او’ بھی جاری کردیا تھا۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ ضابطے کے تحت فلاحی و مخیر کام کرنے والوں کو نیشنل ڈیزاسٹر منیجنمٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔

یاد رہے 2 ستمبر کو ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے دعویٰ کیا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والی 2 لاکھ روپے کی کشتی پر 4 لاکھ روپے ٹیکس ادا کیا ہے، وفاقی حکومت کو شرم نہیں آتی واضح رہے کہ پاکستان میں رواں برس آنے والے تباہ کن سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے، سیلاب گھر، اسکول، ہسپتال، پاور ہاؤس اور لوگوں سمیت راہ میں آنے والی ہر چیز کو بہا کر لے گیا، سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ 14 جون سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار 343 ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں