شمالی وزیرستان ،دہشتگردوں سے لڑائی پاک فوج کے6جوان شہید،3دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی(نیوزٹویو) خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑائی میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے جبکہ 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دردونی میں دہشت گردوں اور پاک فوج کے جوانوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ 2 دیگر زخمی ہوئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 6 سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونیوالوں میں حوالدار سلیم خان (ٹانک)، نائیک جاوید اقبال (کوہاٹ)، سپاہی نذیر خان (بنوں)، سپاہی حضرت بلال (مردان)، سپاہی سید رجب حسین (اورکزئی) اور سپاہی بسم اللہ جان (خیبر) شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں