شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ‌پردہشت گردوں کا حملہ، لیفٹیننٹ کرنل،کیپٹن سمیت 7جوان شہید

میر علی(نیوزٹویو)شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 7 فوجی اہلکاروں کو شہید کردیا۔جبکہ جوابی کارروائی میں‌6دہشت گردوں کو جہنم واصل کردی گیا تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی اور پھر کئی خودکش حملے بھی کیے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ان خودکش حملوں کے دوران عمارت کا ایک حصہ گر گیا اور اس میں 5 فوجی اہلکار شہید ہوئے۔شہداء میں حوالدار صابر، نائک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجا اور سپاہی سجاد شامل تھے۔شہید جوانوں کا تعلق ضلع خیبر، لکی مروت، پشاور، کوہاٹ اور ایبٹ آباد سے ہے۔
کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف نے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن محمد احمد بدر شہید ہو گئے۔ 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی سے تھا جب کہ 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر کا تعلق تلہ گنگ سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی اسی پی آر کا کہنا ہے کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی اور کیپٹن احمد بدر کی نمازجنازہ بنوں کینٹ میں ادا کردی گئی ہے۔ساتھ ہی حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد کی بھی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔صدر آصف زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی، ان کے علاوہ شہدا کی نماز جنازہ میں وزیر خارجہ، وزیر داخلہ بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، اعلیٰ حاضر سروس فوجی و سول افسران و دیگر نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔نماز جنازہ میں جے او سی جنرل انجم ریاض سمیت بڑی تعداد میں اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں