شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ نہیں ملےگا،اب حالات مختلف ہیں،قائم مقام وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ

لاہور(نیوزٹویو) قائم مقام وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا اب وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا شہبازشریف کی کوئی سکیم کامیاب نہیں ہو رہی، شہبازشریف دیکھ رہے ہیں شاید کوئی غیب سے مدد آجائے، پی ڈی ایم میں اب ایسی پھوٹ پڑ جائے گی کہ یہ اٹھنے کے قابل نہیں ہوں گے، یہ انتخابات میں منہ چھپاتے پھریں گے اتوار کولاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ شہباز شریف کی کوئی اسکیم کامیاب نہیں ہوئی، اب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں ایسی پھوٹ پڑ جائے گی کہ یہ اٹھنے کے قابل نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جھوٹے وزیر کی کلاس لینے کے لیے نواز شریف نے اسے لندن بلا لیا ہے اور نواز شریف بھی اس لیے نہیں آرہا کہ اس کو ناکامی نظر آرہی ہے، کیونکہ ان کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ اتنا بڑا قدم (اعتماد کا ووٹ) لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو غلط باتیں سنانے کے لیے بہترین دوست بیٹھے ہیں جنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) شاید اسمبلی تحلیل نہ کرے، مگر ہم عمران خان کے پاس گئے اور انہیں کہا کہ یہ آپ کی امانت ہے آپ لے لیں اور اسمبلی تحلیل کرنے کا لکھ دیں، ہمارا آپ کے ساتھ وعدہ تھا۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ نگراں حکومت کے لیے آج رات عمران خان سے ملاقات کے بعد تین نام دیں گے جبکہ تین نام حمزہ شہباز کی طرف سے دیے جائیں گے۔ ہمیں کہا گیا کہ اعتماد کا ووٹ لیں، ہم نے تو لے لیا مگر اب ان کو پتا چلے گا جب صدر عارف علوی شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں گے۔ہم سب مل کر محنت کریں گے تو مسلم لیگ (ن) کو عبرتناک شکست ہوگی اور اس کا حشر پیپلز پارٹی کی طرح ہوگا۔قائم مقام وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ نہیں ملے گا کیونکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حالات مختلف ہیں۔

قائم مقام وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے خاتم النبین یونیورسٹی کا افتتاح کیا ہے۔ جب سے پاکستان بنا ہم نے پہلی بار خاتم النبین کے حوالے سے ٹیکسٹ بک کے ساتھ متحدہ علما کونسل کو بٹھا کر فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ جہاں بھی حضرت محمد ﷺ کا اسم مبارک آئے گا ان کے ساتھ خاتم النبین ضرور لکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں