شہباز گِل کی اخراجِ مقدمہ کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

اسلام آباد(نیوزٹویو)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل کی اخراجِ مقدمہ کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔سماعت کے دوران شہباز گِل کے وکیل شعیب شاہین، ڈی ایس پی خالد اعوان، تفتیشی افسر طلعت اور پبلک پراسیکیوٹر رضوان عباسی بھی ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے اضافی دستاویزات جمع کرانے کے لیے وقت مانگ لیا۔شہباز گِل کے وکیل شعیب شاہین نے روسٹرم پر آ کر  اپنے مؤکل کے ٹرانسکرپٹ کی کاپی دینے کی استدعا کر دی۔وکیل شعیب شاہین نے درخواست کی کہ ہمیں ہائی کورٹ کے آرڈر کی مصدقہ نقول بھی فراہم کی جائیں۔قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ اخراجِ مقدمہ کی درخواست ہے، اخراجِ مقدمہ سے متعلق 2012ء کا سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی بطور نظیر موجود ہے۔آپ اس سپریم کورٹ کے فیصلے کو دیکھ لیں۔شہباز گِل کے وکیل شعیب شاہین نے ایک بار پھر ٹرانسکرپٹ کی کاپی دینے کی استدعا کی۔قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں 2 ہفتے نہیں ہوں گا اس کے ساتھ ہی انہوں نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔گزشتہ سماعت میں عدالت نے پولیس اور مجسٹریٹ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں