صدرمملکت،وزیراعظم اور دفترخارجہ کاترکیہ اورشام میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس

اسلام آباد(نیوزٹویو) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکیہ اور شام میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ دکھ کی اِس گھڑی میں پاکستانی عوام اور ميری ہمدردیاں ترکیہ اور شام کے ساتھ ہیں۔

صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کو صبر جمیل اور مرحومین کو سکون نصیب فرمائے ، انہوں نے دونوں ممالک میں زلزلے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونیوالے قیمتی جانی و مالی نقصانات پر رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے ترکیہ کی حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا، جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں برادر ترکیہ کی حکومت اور عوام کیساتھ ہیں، پاکستان اپنے برادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کریگا، ترکیہ نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے

اکستان نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ  کی ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سوگوار خاندانوں کے لیے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زلزلے سے متاثرہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاگو ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، ہمیں یقین ہے کہ ترک قوم اس قدرتی آفت پر ہمت اور عزم کے ساتھ قابو پا لے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں