صدرمملکت ،وزیرداخلہ ،سپیکر قومی اسمبلی ،وزیراعلیٰ پنجاب کی چینی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملےکی مذمت

اسلام آباد(نیوزٹویو)صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام کے مقام پر مسافرگاڑی پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں پا نچ چینی شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیا ہے۔
ایوان صدر سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری نے حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور چینی حکومت سے تعزیت بھی کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں پاک – چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شانگلہ میں چینی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہونے والے چینی شہریوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہم ہلاک ہونے والے چینی شہریوں کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں چین کی حکومت اور ہلاک شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔چینی شہریوں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بشام میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حادثے میں ہونے والی اموات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین سے آنے والے بھائیوں پر حملہ انتہائی تکلیف دہ امر ہے، دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے شانگلہ بشام کے مقام پر مسافر وین پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور چینی باشندوں اور مقامی افراد کے قیمتی جانی کے نقصان پر افسوس کا اظہا کیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیں میں انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا گھناؤنی شازش ہے، دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، پاکستان کی پارلیمان اور عوام دہشتگردی کے اس واقعہ میں جان بحق چینی شہریوں کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے اس واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچائے۔اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص اور بااعتماد دوست ہے چینی باشندوں پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں