صوبے کی 30 فی صد آبادی کورونا وائرس کی ویکسینیشن کرا چکی ہے، تیمور سلیم جھگڑا

پشاور (نیوز ڈیسک) وزیرِ صحت خیبر پختون خوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ صوبے کی 30 فی صد آبادی کورونا وائرس کی ویکسینیشن کرا چکی ہے۔ خیبر پختون خوا میں روزانہ 2 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ ہے۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ صحت خیبر پختون خوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت پر مزید سختیاں کرنی پڑیں تو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بنوانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ویکسین نہ لگوانے والوں کی سم اور تنخواہیں بھی بند کر سکتے ہیں۔ وزیرِ صحت خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا ویکسین لگانے کی پہلی ڈوز سے 30 فی صد آبادی مستفید ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چوتھی کورونا لہر شدت اختیار کر رہی ہے تاہم اسپتالوں میں کورونا مریضوں میں صرف 2 فی صد ایسے ہیں جو ویکسین لگوا چکے ہیں اور اسی لیے خطرے سے باہر ہیں۔ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں 750 سے زیادہ ویکسینیشن سینٹرز سے ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ وزیرِ صحت کے پی کے نے بتایا کہ چترال میں ویکسین کی پہلی ڈوز 65 فیصد آبادی کو، جبکہ دوسری ڈوز 40 فیصد آبادی کو لگائی جا چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں ہفتے اور اتوار کی چھٹی کو برقرار رکھا جائے گا۔ ضم اضلاع میں بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کا عمل بہتر ہے۔ وزیرِ صحت خیبر پختون خوا کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبے بھر میں 750 سے زیادہ ویکسینیشن سینٹر بنائے گئے ہیں، آدھی آبادی کو ویکسین لگ گئی تو وائرس کا اثر کم ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں