طالبان سے مذاکرات پر حتمی فیصلہ پارلیمنٹ کریگی، اعلامیہ قومی سلامتی کمیٹی

اسلام آباد(نیوزٹویو)قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان  کی حکومت کی سہولت کاری سےکالعدم ٹی ٹی پی کیساتھ آئین کےدائرے میں بات چیت کی جارہی ہے حتمی فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی سیاسی قیادت نے معاملات سے نمٹنے کی حکمت عملی اور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہےحکومت کی طرف سے جاری اعلامیےکے مطابق اسلام آباد میں سیاسی اور عسکری قیادت کا قومی سلامتی پر اہم اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے اجلاس کے شرکا کو ملکی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور کو ملک کی داخلی اورخارجہ سطح پر لاحق خطرات واقدامات کے ساتھ کالعدم ٹی ٹی پی سے بات چیت اور اس حوالے سے تمام پس منظر سے آگاہ اور تمام ادوار پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت کی سہولت کاری سے کالعدم ٹی ٹی پی کیساتھ آئین کے دائرے میں بات چیت کی جارہی ہے، حکومتی قیادت میں سول اور فوجی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی مذاکرات کررہی ہے تاہم اس حوالے سے آئین کی روشنی میں حتمی فیصلہ جو بھی ہوگا اسے پارلیمنٹ سے منظور کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس کو پاک افغان سرحد پر انتظامی امور سے متعلق آگاہ کیا گیا اور افغانستان میں امن استحکام کے لیے پاکستان کے کردار سے آگاہ کرنے کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کیلئے تعمیری کردار جاری رکھے گا اور افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائیگا اعلامیے میں کہا گیا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی بدولت ملک بھر میں ریاستی عمل داری ، امن کی بحالی اور معمول کی زندگی کی واپسی کو یقینی بنایاگیا ہے اور آج پاکستان کے کسی حصے میں منظم دہشت گردی کا ڈھانچہ نہیں ہے، اجلاس میں سیاسی قیادت نے معاملات سے نمٹنے کی حکمت عملی اور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں