طوفان تھم گیا،پاکستان محفوظ،پورٹ قاسم پر دونوں ایل این جی ٹرمینلز بحال

کراچی(نیوزٹویو) طوفان بائپر جوائے تھم گیا وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ بائپر جوائے نے بھارتی گجرات میں خشکی سے ٹکرانے کا عمل مکمل کیا، پاکستان تیار تھا لیکن بڑی حد تک محفوظ رہا۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ کے ساحلی علاقے جیسے سجاول سطح سمندر بلند ہونے کی وجہ سے ڈوب گیا تھا لیکن زیادہ تر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے انسانی جانوں کو محفوظ بنانے میں تعاون کرنے والے تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔

ایک ٹوئٹ میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سمندری طوفان بائپر جوائے کے حوالے سے بتایا کہ طوفان کے کمزور ہو کر پہلے سائیکلونک طوفان اور پھر آج شام تک ڈپریشن (ہوا کے دباؤ) میں تبدیل ہو نے کی توقع ہے۔

طوفان کے تھم جانے کے بعد پورٹ قاسم پردونوں ایل این جی ٹرمینلز آپریشنل ہوگئے اور سوئی ناردرن اور سدرن گیس کو ٹرمینلز سے آرایل این جی کی فراہمی شروع کردی گئی۔ ایس ایس جی سی کے مطابق ہفتہ کی صبح آٹھ بجےسےصنعتوں کو گیس کی فراہمی بحال کردی جائے گی ، سی این جی اسٹیشن کو ابھی گیس بحال کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا ۔ صنعتوں، کھاد فیکٹریوں اور سی این جی اسٹیشنز کو تین روز سے گیس کی فراہمی بند ہے ۔

واضح رہے کہ سمندری طوفان میں موسم کی خراب صورتحال آر ایل این جی کی سپلائی رک گئی تھی ، آر ایل این جی کے دونوں فلوٹنگ جہازوں کو کھلے سمندر میں بھیج دیا گیاتھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں