بلند شرح سود،بڑھتی کاروباری لاگت صنعتی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے،صدر راولپنڈی چیمبر

راولپنڈی ( نیوزٹویو )بلند شرح سود اور بڑھتی ہو ئی کاروباری لاگت صنعتی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس ثاقب رفیق کا کہنا ہے کہ علاقائی ممالک سے مقابلے کے لیے ضروری ہے کہ شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ تک لایا جائے، سری لنکا، بھارت، بنگلہ دیش میں شرح سود دس فیصدسے کم ہے،چین، ملائیشیا میں پانچ فیصد سے بھی کم ہے جبکہ پاکستان میں بائیس فیصد ہے۔
صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس ثاقب رفیق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کاروباری لاگت کئی گنا بڑھ گئی ہے، جس کا اثر براہ راست چھوٹے کاروبار یعنی ایس ایم ایز سمیت ہر طرح کے کاروبار پر پڑ رہا ہے، مقامی صنعت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ مسابقتی فضا قائم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری لاگت کم کرکے پاکستانی مصنوعات کی ایکسپورٹس میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے،
ثاقب رفیق نے کہا کہ کاروباری لاگت بڑھنے سے بڑی صنعتوں کی پیداوار میں پندرہ فیصد سالانہ کمی کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ شرح سود میں اضافے، مہنگائی، اور روپے کی قدر میں کمی سے قوت خرید میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی استحکام صرف صنعت کے فروغ میں ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت شرح سود کم کر نے اور کاروباری لاگت نیچے لانے میں فوری اقدامات کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں