علامہ اقبال کے 146یوم پیدائش پر صدر،وزیراعظم سمیت مختلف شخصیات کا خراج عقیدت

اسلام آباد(نیوزٹویو)پاکستان کے قومی شاعر ڈاکٹر محمد اقبال کے 146یوم پیدائش پر صدر مملکت اور نگران وزیراعظم سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔جمعرات کو یوم اقبال کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ برصغیر کے عظیم مفکر، فلسفی ، شاعر اور سیاسی رہنما ڈاکٹر علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، آج کے دن پوری قوم مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کی علمی، فکری اور سیاسی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی شاعری اردو زبان کی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہے، آپ نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانانِ برصغیر کو سیاسی جلا بخشی اور ان کے اندر تحریک پیدا کی، آپ نے قوم کو خوابِ غفلت سے جگایا اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا جذبہ بیدار کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور خطبات سے قوم کی رہنمائی کی، سیاسی شعور بیدار کیا، آپ نے نوجوانوں کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا، خودی کا جذبہ اور “عقابی روح” بیدار کرنے کا سبق دیا، آپ چاہتے تھے کہ مسلمانانِ برصغیر بالخصوص نوجوان فلسفہ ِ خودی اپناتے ہوئے خود اعتمادی سمیت وہ صفات پیدا کریں جس سے وہ قوم کی تقدیر کو بدل سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ نہ صرف جدید علوم کے حصول کے بڑے حامی تھے بلکہ نوجوانوں کو قرآن حکیم سے رشتہ جوڑنے کا بھی درس دیا، کلامِ اقبال ہمیں پیغام دیتا ہے کہ شجاعت، حمیت، دانائی، اعلیٰ کردار، بہترین اخلاق، عزت ِنفس، دور اندیشی اور خود اعتمادی وہ اعلیٰ ترین انسانی صفات ہیں جو نہ صرف فرد بلکہ قوم کو بھی نئی زندگی عطا کرتی ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کا فلسفہِ خودی انقلابی حیثیت کا حامل ہے، آپ نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو امید کا پیغام دیا، ان میں ایک نیا جذبہ اور نئی سوچ پیدا کی، آپ نے نہ صرف امت ِمسلمہ میں اتحاد ، اتفاق اور یکجہتی پیدا کرنے کا پیغام دیا بلکہ قوم کو درپیش بڑے چیلنجز کی بھی نشاندہی کی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، آئیں عزم کریں کہ علامہ اقبال کے خیالات اور افکار کو مشعل ِراہ بناتے ہوئے پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کام کریں گے۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ پیدائش پر پیغام جاری کیا۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آج مجھ سمیت پوری قوم شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146 واں یومِ پیدائش بڑی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ نے نوجوانانِ برصغیر کو اپنے آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں، ان کی دنیا کے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات، ان کی عظمت ، ترقی پسندیت اور ندرتِ فکر کی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کا فلسفہ اور فکر پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے، خودی کا ولولہ انگیز پیغام دے کر اقبال نے نوجوان نسل کو اپنی دنیا آپ پیدا کرنے کا حکیمانہ درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فکر اقبال پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے، شاعر مشرق نے مسلمانوں کی حقیقی شناخت کیلئے خواب غفلت سے بیدار کرنے کی عملی کوشش کی، آج ہمیں جن کثیر الجہتی چیلنجز کا سامنا ہے، انکا حل اقبال کی آفاقی تعلیمات میں پوشیدہ ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ اقبال نے نوجوانوں کو خودی کا پیغام دیا اور انہیں شاہین کی زندگی اپنا کر جہد مسلسل کا درس دیا، نوجوان فکر اقبال اپنا کر پاکستان اور امت مسلمہ کی حقیقی خدمت کر سکتے ہیں۔
یوم اقبال کے موقع پر سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے بھی شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے نظریات، اقدار اور نئی سوچ نے کئی نسلوں کو متاثر کیا، شاعر مشرق کا خواب قائد اعظم کی متحرک قیادت میں شرمندہ تعبیر ہوا، علامہ اقبال کا خودی کا تصور ملک کو ترقی دینے کے لئے مشعل راہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاعر مشرق نے امت کے نوجوانوں کو شاہین سے تعبیر دی، ہم ایک مستحکم اور پائیدار پاکستان کی بنیاد رکھیں گے، ایسا پاکستان بنائیں گے جسکا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 146 یوم ولادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔
میر علی مردان کا کہنا تھا کہ آج کے دن پوری قوم مفکر پاکستان کے یوم ولادت پر ان کی تحریک پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ڈاکٹر علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر کی شکل میں جمہوری جدوجہد کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ صرف پاکستان کے نہیں پورے عالم اسلام کے مفکر ہیں، انہوں نے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کیلئے جداگانہ قومیت کا احساس اُجاگر کیا، عالمی سطح پر ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے ان حالات میں حکیم الامت کا فلسفہ خودی ہمارا سب سے موثر ہتھیار ثابت ہوسکتا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ علامہ محمد اقبال نے خطبہ الٰہ آباد میں تصورِ پاکستان پیش کر کے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی حاصل کرنے کی نئی روح پھونک دی، علامہ اقبالؒ کی فکر سے وابستگی کا تقاضا ہے کہ ہم ان کی سوچ کو اپنائیں اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں تصور اقبالؒ میں ڈھالیں۔
یوم اقبال کے موقع پر نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے نوجوانوں کی فکری رہنمائی کی۔
انہوں نے کہا کہ مفکر پاکستان کی خودی کا تصور قوم خصوصاً نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے، علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک جداگانہ ریاست کا تصور پیش کیا۔
گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے بھی یوم اقبال پر شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں غلام علی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کا خودی کا تصور ملک کو ترقی دینے کیلئے مشعل راہ ہے، انہوں نے نوجوانوں کو عظمت حاصل کرنے، نئے امکانات کی تلاش کا درس دیا، اتحاد و اتفاق ہی دنیا میں ہماری کامیابی کا ضامن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں