عمران خان روئیں یا پیٹیں الیکشن تب ہوں گے جب الیکشن کمیشن چاہے گا،وزیراطلاعات مریم اورنگزیب

اسلام آباد(نیوزٹویو)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان سے کہا ہے کہ آپ روئیں یا پیٹیں، الیکشن تبھی ہوگا جب الیکشن کمیشن چاہے گا۔ اقتدار کے بعد جو خیال آئے وہ اپنے منہ پر طمانچہ ہوتا ہے سازش ہوئی تھی تو اسپیکر نے عدم اعتماد کی تحریک کیوں آنے دی؟ آپ نے 27 مارچ تک ٹیلی گرام کا کیا کیا؟ دھمکی دینے والے ملک کے انڈر سیکرٹری کو پاکستان کیوں بلایا؟

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سب نے دیکھا عمران خان نے وہی جھوٹ بولے، ایک جھوٹا، منافق شخص بار بار جھوٹ بولتا ہے، جھوٹا شخص کہتا ہے اس کے خلاف امریکا نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر سازش کی، جھوٹا شخص عوام کو کہتا ہے میرے ساتھ کھڑے ہوجاؤ، چار سال عوام سے روٹی چھینی، اگر تمہارے خلاف سازش ہوئی تھی تو تمہارے اسپیکر نے عدم اعتماد کی موشن کیوں ہونے دی، 8 تاریخ کو ٹیلی گرام ملا، 8 مارچ سے لیکر 27 مارچ تک ٹیلی گرام کا کیا فارن آفس کو بتایا؟ سفیر نے ڈی مارش کی تجویز دی آپ نے تو وہ بھی نہیں کیا تھا، جب اتحادی چھوڑ کر چلے گئے تو 27 مارچ جلسے میں کاغذ لہرایا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے امریکی انڈر سیکرٹری کو او آئی سی میٹنگ میں بلایا، جس ملک نے رجیم چینج کی دھمکی اسی کے انڈر سیکرٹری کو بلا کر کس کو بیوقوف بنا رہے ہیں، سفیر نے تفصیلی طور پر بتایا کسی قسم کی سازش کی چیز نہیں تھی، آپ نے کہا تھا مودی الیکشن جیت جائے گا تو کیا بھارت کے الیکشن میں مداخلت کر رہے تھے؟ چند ماہ بعد آپ نے کشمیر فروشی کی، الیکشن کمیشن استعفیٰ کیوں دے، فارن فنڈنگ کیس میں فیصلہ آنے والا ہے وہ استعفیٰ کیوں دے، فارن فنڈنگ کیس کو 8 سال ہوگئے ہیں، غیر ملکیوں سے پیسے لیے ثابت ہوچکا ہے، ملازمین کے اکاؤنٹس میں پیسے منگوا کر منی لانڈرنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کے بعد جو خیال آئے وہ اپنے منہ پر طمانچہ ہوتا ہے، آج بیٹھ کر لیکچر نہ دیں، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے خطوط لکھے کچھ نہیں کیا آج آپ کو الیکشن یاد آرہا ہے، جس وقت اقتدار میں تب الیکشن یاد کیوں نہیں آیا؟ یہ تماشے، جھوٹ، منافقت کو بند کریں، توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، آٹا، بجلی، گیس، ادویات کا چور آج لیکچر دے رہا ہے، جس کو آپ مائنس آج خود مان رہے ہیں پاکستان کی سیاست کا محور نوازشریف ہیں، عوام کو پتا ہے عمران خان ایک جھوٹا شخص ہے، پاکستان کے بیت المال پر ڈاکہ مارا، آپ نے مان لیا کہ عدم اعتماد کے پیچھے پلاننگ نواز شریف کی ہے ، آپ کا اعتراف نواز شریف کی جیت ہے، دھرنا دینے کا کہہ رہے ہو، دھرنا دینا تمہاری قسمت میں ہے، اگر عوام کو ترقی دیتے تو آج دھرنے کی کال نہ دیتے، اسلام پر لیکچر آپ جیسے شخص کو زیب نہیں دیتا، اگر غلاظت دوسروں پر پھینکو گے تو تمہارے اپنے منہ پر ہی لگے گا، آپ نے پاکستان کے عوام کو مقروض اور 60 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے کورونا فنڈ پر ڈاکہ ڈالا، کہتا ہے میرا تحفہ میری مرضی، جو بات نا مانے اسے کہتے ہو استعفیٰ دو، سازشوں والی باتوں سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، قومی سلامتی کمیٹی کے بیانیے کے بعد آپ کا بیانیہ دفن ہوچکا ہے، اسلام آباد آؤ گے تو توشہ خانہ کی گھڑیوں کے سوال پوچھے جائیں گے، تم نالائق، نااہل تھے اس لیے باہر پھینکے گئے، سکیورٹی ایجنسیز نے کل واضح طور پر کہا کوئی سازش نہیں ہوئی، عوام تمہارے جلسوں میں جا کر مفت کنسرٹ دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسٹاپ لسٹ، ای سی ایل کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، اب کرسی پر ذمہ دار لوگ بیٹھے ہیں، ای سی ایل پر پنجاب میں ٹرانسفر، پوسٹنگ کے لیے پیسے کھانے والوں کے نام آئیں گے، وفاق میں ٹاؤٹ شہزاد اکبر تھا، ان سب کے نام ای سی ایل میں آئیں گے، الیکشن، الیکشن کی گردان کرنے والے کو پتا ہے عوام نے ووٹ نہیں دینا، اگر کوئی کارکردگی ہوتی تو عوام کو بتاتے، پہلے کرپشن کا بیانیہ زمین بوس ہوا، اس کے بعد مدینہ کی ریاست کا بیانیہ تمہارے اعمال ناموں سے دفن ہوا، اس کے بعد سازش کا بیانیہ بھی بہت جلد دفن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاشی دہشت گردی کر کے گئے، مفتاح اسماعیل وہ گند کو صاف کرنے کے لیے واشنگٹن گئے، آئی ایم ایف کے حوالے سے ابھی تک قانون سازی میں کوئی سچائی نہیں، قومی سلامتی کمیٹی پریس ریلیز جاری کر چکی ہے، کس چیز کی تحقیقات کریں؟، ایک تحقیقاتی کمیشن دھاندلی کے حوالے سے بھی بنایا گیا تھا اس کے بعد بھی تماشا لگا تھا، عوام اب ان کے جھوٹ، تماشوں میں نہیں آئے گی، جہاں، جہاں یہ جلسے کریں گے عمران خان کو سکیورٹی دیں گے، عمران خان کی نوٹنکی کو دیکھنے آتے ہیں یقین نہیں کریں گے، جب تمام جماعتیں الیکشن کے لیے ریفارمز کریں گی تب ہی الیکشن ہوگا، پچھلے ہفتے دو دفعہ صدر پاکستان کو بخار ہوچکا ہے، گورنر پنجاب کو بخار، ڈائریا ہوچکا ہے، گورنر پنجاب اپنے پاس حلف کی سمری دبا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جتنا مرضی روئیں، الیکشن کمیشن جب تیار ہوگا تب الیکشن ہوگا، آدھی سے زیادہ کابینہ کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس لیے آدھی کابینہ ضمانت پر تھی، صدر مملکت نے کابینہ اراکین سے حلف لیا، صدرکا حلف لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت آئینی طریقے سے بنی ہے، عمران خان مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں