عمران خان کی نیب راولپنڈی میں عدم پیشی ،تحریری جواب بھجوا دیا

راولپنڈی(نیوزٹویو) سابق وزیراعظم اورچیئرمین تحریک عمران خان نے نیب میں پیش ہونے کی بجائے نیب راولپنڈی کو تحریری جواب بھجوا دیا ہے۔ سابق وزیراعظم نے جواب میں لکھا ہے کہ لاہور میں مختلف مقدمات میں ضمانت کیلئے موجود ہوں جس کے باعث نیب راولپنڈی پیش نہیں ہوسکتا، نیب نوٹس میں عائد الزامات بے بنیاد اور جھوٹ ہیں، نیب نے انکوائری میں ایک نوٹس جاری کیا جس کا مکمل جواب دے دیا تھا۔

عمران خان نے لکھا کہ دوران حراست نیب نے انکوائری رپورٹ دی جو کپڑوں اور شیونگ کٹ کے ساتھ پولیس لائن میں ہی رہ گئی، پولیس لائنز میں رہ جانے والی انکوائری رپورٹ، کپڑے اور شیونگ کٹ فوراً زمان پارک بھجوائیں یا میں اپنے وکیل گوہر علی خان کو بھیجوں جو نیب دفتر سے انکوائری رپورٹ لے لے۔

سابق وزیراعظم نے لکھا کہ انکوائری رپورٹ کے بغیر نیب نوٹس کا جواب نہیں دے سکتا، برطانیہ اور حکومت پاکستان کے درمیان خط و کتابت کا ریکارڈ میرے پاس نہیں، سرکاری دستاویزات متعلقہ سرکاری اداروں کے پاس ہوں گی۔

یاد رہے کہ نیب نے کل زمان پارک میں 3 صفحات پر مبنی نوٹس موصول کروایا تھا، نوٹس میں عمران خان کو آج صبح 10 بجے نیب راولپنڈی پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں