عوام اور پاک فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے ،کورکمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی(نیوزٹویو) پاکستان کی عسکری قیادت نےکہا ہے کہ عوام اور پاک فوج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگ پاک فوج نےاپنے خلاف الزامات پر مبنی مہم کو مسترد کرتے ہوئے فوج اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوششوں کو ناکام اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی 264 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں بشام میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کی گئی، آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت حال دوبارہ فعال نہیں ہونے دیا جائے گا، فوج اور سیکیورٹی اداروں کو دہشت گردی کے خلاف قوم کی حمایت حاصل ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔ فورم نے پاک فوج کے خلاف الزامات پر مبنی مہم کو مسترد کر دیا، اعلامیے میں کہا گیا کہ فوج اور عوام کے درمیان دراڑ کی کوششوں کا ناکام بنائیں گے۔
اعلامیے میں نشاندہی کی گئی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات عائد کرنا فیشن بن چکا اور یہ عوام و مسلح افواج کے درمیان دوری پیدا کرنے کی بڑی سازش کا حصہ ہے۔ ہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور آئین و قانون کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فورم نے ملک میں پائیدار سماجی اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا عزم کیا، اس تعاون میں غیر قانونی کارروائیاں، بالخصوص اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری کی روک تھام اور غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کی ان کے آبائی وطن محفوظ واپسی کے اقدامات شامل ہیں۔ فورم نے افواج پاکستان کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور پیشہ وارانہ مہارتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر اظہار تشویش بھی کیا۔ فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ فریقین نے تحمل کا مظاہرہ نہ کیا تو وسیع تر علاقائی تنازعہ جنم لے سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں