عید کے دوسرے روز بھی اسرائیلی فوج کی بمباری ،63فلسطینی شہید ،45 زخمی

غزہ(نیوزٹویو)‌ عید کے دوسرے روز بھی اسرائیلی افواج نے غزہ میں بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ، جس کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 63 فلسطینی شہید اور 45 زخمی ہوگئے جبکہ اسرائیل نے حماس کے ایک بڑے فنانسر کو بھی مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں اب تک 33 ہزار 545 فلسطینی شہید جبکہ 76 ہزارسے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی طیاروں نے عید کے دوسرے روز بھی غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری کی جس کے نتیجے میں 6 افراد شہید ہوگئے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیل نے تل الحوہ، نصیرت کیمہ اور جبالیہ کیمپ پر حملے کیے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ میں ناصر یعقوب جابر ناصر کو بھی مار ڈالا ہے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ ناصر انکلیو کے جنوبی شہر رفح میں ’حماس کی عسکری سرگرمیوں کے ایک اہم حصے کی مالی اعانت کا ذمہ دار تھا‘۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’گزشتہ دسمبر میں اس نے حماس کو اس کی عسکری سرگرمیوں کے لیے لاکھوں ڈالر منتقل کیے تھے‘۔
اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا کہ اس کی فورسز نے غزہ شہر کے شجاعیہ محلے میں حماس اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ایک کارروائی میں فوجیوں نے تربیتی مشقوں کے لیے استعمال ہونے والی حماس کی ایک پوسٹ پر ٹارگٹڈ چھاپہ مارا۔ چھاپے کے بعد، اسرائیلی فضائیہ کے ایک طیارے نے چوکی کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کر دیا‘۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں