غذر میں گاڑی گہری کھائی میں گر گئی،1شخص جاں بحق،14زخمی

غذر(نیوزٹویو) گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گاڑی گہری کھائی میں گر گئی حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ14 زخمی ہوگئے۔ ریسکیور 1122 اور سیفٹی افسر غذر راجا اجمل نذیر نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔زخمیوں میں سے ایک گلگت ہسپتال جبکہ دو زخمیوں کو گوپس ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین زخمیوں غذر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے۔ گاڑی میں مجموعی طور پر 15 افراد سوار تھے تاہم امدادی ٹیموں کو جائے حادثے کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔علاقے میں ٹیلی مواصلاتی نظام نہ ہونے سے مکمل اور فوری معلومات نہیں مل رہی ہیں۔

یادرہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں مانسہرہ کی انتظامیہ نے مون سون بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان لوگوں کو سفر کرنے کی ممانعت کی تھی۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں قراقرم ہائی وے کے قریب تھیلچی کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی بھی حادثے کا شکار ہوئی تھی جہاں 6 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔ اسی طرح گزشتہ ہفتے ہی گلگت جانے والی گاڑی خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر کوہستان میں گہری کھائی میں گر گئی تھی اور اس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

گزشتہ ماہ 13 جون کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے کوآرڈینیٹر مزمل حسن اپنے والدین سمیت ٹریفک حادثے میں جاں بحق اور ان کی ہمشیرہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں