غیر قانونی،بغیرڈیوٹی اور جعلی سگریٹ کے کاروبار کی روک تھام،ملک میں ٹریک اینڈٹریس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ،چیئر مین ایف بی آر

اسلام آباد (نیوزٹویو) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اِنلینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک (آئی آر ای این) نے اگست 2021 میں انسداد ٹیکس چوری آپریشن کے دوران 30,741,100 روپے مالیت کے بغیر ڈیوٹی/ ٹیکس ادا شدہ سگریٹ (تقریباً 14,798,000 سگریٹ) قبضے میں لے لئے جس کے نتیجے میں 26,184,100 روپے مالیت کے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی چوری کی نشاندہی ہوئی۔ اسی طرح جولائی سے اگست 2021 کے دوران آئی آر ای این نے 48,537,140 روپے مالیت کے 26,030,500 غیرقانونی سگریٹ قبضے میں لئے جن میں 44,786,258 روپے مالیت کے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی چوری کی نشاندہی ہوئی۔ آئی آر ای این کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر بغیر ڈیوٹی و ٹیکس ادا شدہ، جعلی سگریٹوں کی غیرقانونی فروخت کے خاتمے کے لئے یہ آپریشن ملک بھر میں جاری ہے۔

خیال رہے کہ آئی آر ای این کا قیام ستمبر 2019 میں عمل میں آیا جس میں چیف کوآرڈینیٹر کے علاوہ سنٹرل فیلڈ کوآرڈینیٹر اور پاکستان بھر میں ریجنل انفورسمنٹ کے سات مراکز شامل ہیں جنہیں جعلی اور بغیر ڈیوٹی اداہ شدہ سگریٹوں کی فروخت کے خلاف چھاپے مارنے اور انہیں قبضے میں لینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ملک بھر میں سگریٹوں کی غیرقانونی فروخت کے خلاف جاری اس کریک ڈاؤن کے تحت آئی آر ای این کے تمام مراکز نے قومی خزانے کو پہنچنے والے ریونیو نقصان پر قابو پانے کے لئے بغیر ڈیوٹی ادا شدہ اور جعلی سگریٹ کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹرمحمد اشفاق احمد نے آئی آر ای این عملے کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم نومبر 2021 سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے اور ملک بھر میں سگریٹ کی تیاری کی سرگرمیاں اس کے دائرے میں شامل ہوں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آزاد کشمیر حکومت نے بھی آزاد جموں وکشمیر کی حدود میں کام کرنے والے سگریٹ کے کارخانوں کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے دائرے میں لانے کے لئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے رابطہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ کے اندر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر کام مکمل کر لیا جائے گا اور یہ سسٹم آزاد کشمیر میں بھی کام شروع کر دے گا اور اس کے ساتھ ساتھ آئی آر ای این کی دلیرانہ مہم کی بدولت جعلی، غیرقانونی اور بغیر ٹیکس اداہ سگریٹوں کی لعنت پر قابو پانے میں بھرپور مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں