فریحہ پرویز کی موسیقی دنیا میں واپسی، نیا گانا ریلیز

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ فریحہ پرویز کی طویل عرصے بعد موسیقی کی دنیا میں واپسی ہوگئی، گلوکارہ نے اپنا نیا گانا ریلیز کردیا۔
فریحہ پرویز پاکستان کی معروف گلوکارہ ہیں جنہوں نے کئی ہٹ گانے گائے ہیں، وہ اپنے مشہور ہٹ گانے ’’دل ہوا بو کٹا‘‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں، اس گانے نے فریحہ پرویز کو راتوں رات سٹار بنا دیا تھا، اُنہوں نے کئی ہٹ پنجابی گانے بھی گائے ہیں، مداح اُن کی مقبول غزلوں کو بھی بے حد پسند کرتے ہیں۔
موسیقی کے علاوہ فریحہ پرویز نے پاکستانی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر بھی دکھائے، وہ ’عینک والا جن‘ سمیت چند ڈراموں میں نظر آئیں، وہ اپنے سُپر ہٹ البمز کی وجہ سے کئی ایوارڈ بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2017 میں فریحہ پرویز نے میوزک انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور اب حال ہی میں گلوکارہ نے موسیقی کی دنیا میں واپسی کی ہے، فریحہ پرویز نے اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنا نیا گانا ریلیز کیا ہے، اس گانے کا عنوان ’لے جا‘ ہے جو کہ گلوکارہ نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا ہے۔
اس گانے میں ایک نوجوان بیوی کی جذباتی محبت کی کہانی پیش کی گئی ہے جو اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کی دعا کرتی ہے، فریحہ پرویز کی سُریلی آواز میں یہ گانا مداح بے حد پسند کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں