فلسطینی شہدا کی تعدادساڑھے19ہزارسے تجاوز،حماس تنازعات کےخاتمے کےلیےاقدامات پر تیار

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کی غزہ میں جارحیت اورمعصوم فلسطینی شہریوں پروحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے،سات اکتوبر سے اب تک غزہ میں شہید ہونےوالےفلسطینیوں کی تعداد 19 ہزار 667 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے جنگ ختم ہونے تک یرغمالی رہا کرنے سے انکار کردیا ہے۔
حماس کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ وہ جنگ کے دوران قیدیوں سے متعلق مذاکرات کو مسترد کرتے ہیں لیکن تنازعات کے خاتمے کے لیے اقدامات کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی کی جنگ کے دوران قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے کسی بھی قسم کے مذاکرات کو واضح طور پر مسترد کرنے کے اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہیں۔
عہدیدار نے یہ بات بھی کہی کہ ہم کسی بھی ایسے اقدام کے لیے تیار ہیں جس میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے گزرگاہوں کو کھولا جائے، جبکہ ایسے اقدامات کیلئے بھی تیار ہیں جو ہمارے لوگوں پر جارحیت کے خاتمے میں مدد گار ہو۔
فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 19،667 ہوگئی ہے۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 52،586 ہے جبکہ مغربی کنارے شہید فلسطینیوں کی تعداد 301 ہوگئی اور 3356 زخمی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں