فواد چوہدری کو پیش نہ کیا گیا، سماعت میں ایک بار پھر وقفہ

اسلام آباد(نیوزٹویو) اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس کی ساڑھے 11 بجے سماعت شروع ہوئی تو فواد چوہدری کو پیش نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے مزید وقفہ کر دیا۔

سماعت کے دوران وکیل علی بخاری اور بابر اعوان پیش ہوئے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے استفسار کیا کہ پراسیکیوشن فواد چوہدری کے پہنچنے کے بعد بتا دیں کہ انہیں کب پیش کرنا ہے، پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ سڑکیں بند ہیں؟ فواد چوہدری کا تو شاید رات کو میڈیکل ہو چکا لیکن رپورٹ ابھی تک نہیں آئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے نیب کورٹ کو تفتیشی افسر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ تفتیشی افسر سے رابطہ کر کے پوچھیں کہ فوادچوہدری کو کب عدالت میں پیش کرنا ہے؟

فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ساڑھے 12 بجے کے آس پاس کا وقت بتا دیں۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ اگر ایک بجے بھی پیش کرنا ہے تو بتا دیں لیکن ٹھیک وقت بتائیں۔

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ پراسیکیوشن کو ضمیر کا قیدی بنایا ہوا ہے، پراسیکیوشن کو ضمیرجگانے کی ہدایت کی جائے۔

جج نے کہا کہ عدالتی عملہ فواد چوہدری کو عدالت پیش کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے وکلاء کو آگاہ کرے گا۔

عدالت نے فواد چوہدری کیس کی سماعت میں ایک بار پھر وقفہ کر دیا۔

اس سے قبل آج صبح الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں اسلام آباد کی عدالت نے فواد چوہدری کو ساڑھے 11 بجے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کر دیا تھا۔

ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹس اسلام آبادکے جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے ہدایت کی کہ تفتیشی افسر فواد چوہدری کا میڈیکل کروا کر رپورٹ پیش کریں۔

اس سے قبل آج صبح الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں فوادچوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری اسلام آباد کی عدالت پہنچ گئیں۔

پی ٹی آئی رہنما خرم نواز، سینیٹر شہزاد وسیم، فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان اور فیصل چوہدری بھی عدالت پہنچ گئے۔

وکیل بابر اعوان نے جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ سے استدعا کی کہ کیس کی سماعت تھوڑی جلدی کر دیں۔

جس پر جج نے حکم دیا کہ فوادچوہدری کے کیس کے لیے ساڑھے 11 کا وقت رکھ لیتے ہیں۔

عدالت کے حکم پر فواد چوہدری کو کچہری میں ساڑھے 11 بجے پیش کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں فوادچوہدری کو آج 2 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اس موقع پر پراسیکیوٹر، وکیل الیکشن کمیشن سعد حسن اور تفتیشی افسر بھی عدالت میں پیش ہوں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد کچہری میں تحریکِ انصاف کے کارکن پہنچنا شروع ہو گئے۔

اسلام آباد پولیس گزشتہ روز مزید تفتیش کے لیے فوادچوہدری کو لاہور لے کر گئی تھی جہاں لیب میں ان کا فوٹو گرامیٹرک ٹیسٹ کرایا گیا تھا۔

پولیس فواد چوہدری کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر بھی لے کر گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں