اعلیٰ عدلیہ اورفوجی افسران کے خلاف نیب کارروائی نہیں کرسکتا،اٹارنی جنرل

اسلام آباد(نیوزٹویو) اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا ہے کہ کہ نیب قانون کا اطلاق فوج اور اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر نہیں ہوتا، آئین میں اعلیٰ عدلیہ کے احتساب کا واضح  طریقہ کار دیا گیا ہے۔ نیب ترامیم کے تحت عدلیہ کا شمار پبلک آفس ہولڈر میں کرنا غیرمعقول ہوگا۔ سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس میں جمع کرائے گئے اپنے تحریری جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ ججزکیخلاف کارروائی کا اختیار سپریم جوڈیشل کونسل کو حاصل ہے، سپریم جوڈیشل کونسل قائم کرنےکا مقصد عدلیہ کی آزادی یقینی بنانا تھا۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کے مطابق فوجی افسران احتساب کے عمل سے مستثنیٰ نہیں مگر فوجی افسران کے خلاف نیب کارروائی نہیں کر سکتا۔

واضح رہے کہ 5 ستمبر کو اسلام آباد: سپریم کورٹ نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے چیف جسٹس پاکستان نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل سنانے کا اعلان کیا ہے۔ تین رکن بینچ میں چیف جسٹس کے ساتھ جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں