قانون نافذکرنےوالے اداروں کی ڈالر،چینی کےذخیرہ اندوزوں،منشیات سمگلرزکےخلاف کارروائیاں

اسلام آباد(نیوزٹویو) قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایت پرڈالراورچینی کے ذخیرہ اندوزوں اوراسمگلرز کیخلاف ملک بھر میں بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر میں ایف آئی اے کے زون و سرکلز کی سطح پر خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، چھاپہ مار ٹیمیں خفیہ اطلاع پر غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف چھاپے مار رہی ہیں

تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور ایف سی بلوچستان سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں مشترکا آپریشن میں منشیات کی پیداوار، منشیات ذخیرہ کرنے والی جگہوں اور مشینوں کو تلف کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 1100 کلو چرس، 94 کلوگرام ایفیڈرین  اور16.2 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ مذکورہ آپریشن کے دوران ایک ہزار 90 لیٹر ایچ سی ایل بھی برآمد کیا گیا جبکہ اس دوران مختلف کارروائیوں کے دوران 11 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ یاد رہے کہ یہ آپریشن 2016 کے بعد انسداد منشیات کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمہ خوراک نے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف مختلف مقامات پر کارروائی کے دوران 10ہزار چینی کے بیگ،5 ہزاربوری گندم،7 ہزارکھاد کی بوریاں اور400بوری دیگر اناج برآمد کرکے ذخیرہ اندوزی کرنے والی دکانیں اور اور گودام سیل کردیئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی لعنت سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے افغان سرحد سیل کرنے کا عمل شروع بھی کر دیا ہے اور اس مقصد کےلیے ملک بھر سے کسٹمز کی ٹیمیں کوئٹہ روانہ کر دی گئیں۔ دو روز قبل ایف بی آر نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاک افغان بارڈر پر 3 ماہ کے لئے عارضی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، لاہور، کراچی، سرگودھا، فیصل آباد، اسلام آباد سے 20 انسپکٹرز اور مختلف شہروں سے 43 کسٹمز سپاہیوں کا کوئٹہ تبادلہ کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں