قدس فورس کا اسرائیل سے جنگ میں حماس کی ہر ممکن مدد کا اعلان

تہران(نیوزٹویو) ایران کی قدس فورس کے سربراہ نے اسرائیل سے جنگ میں حماس کی ہر ممکن مدد کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قانی کی جانب سے حماس کے القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد ضیف کو ایک پیغام بھیجا گیا ہے جس میں انہوں نے ایران کی جانب سے حماس کو ہر طرح کی مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
رپورٹس کے مطابق پیغام میں کہا گیا ہے کہ آپ کے ایرانی بھائی آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ دشمن کو غزہ اور فلسطین میں انکے ناپاک ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پیغام برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے ٹھیک ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اس ماہ کے شروع میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو بتایا تھا کہ ایران فلسطینی گروپ کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ جنگ نہیں کرے گا جب کہ حماس کے ترجمان کی جانب سے اس رپورٹ کو جھوٹا قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے 11 ہزار 500 کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے مزید حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں