قوم دہشت گردی کے ناسورکےخاتمےکےلیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،وزیراعظم

راولپنڈی (نیوزٹویو) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسران نے ملک کی بقا کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے
وزیر اعظم نے میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والےلیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کے گھر چکلالہ گئے۔وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کی مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔بعدا زاں کیپٹن محمد احمد بدر شہید کے گھر ٹمن (تلہ گنگ) گئےاور شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا، شہید کے والد کو گلے لگایا اور ان کی ہمت، حوصلے، جذبے اور استقامت کو سراہا۔اس موقع پر وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔
شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف خود بھی آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کیپٹن احمد بدر شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے والدین اور اہلخانہ کو دلاسہ دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید، کیپٹن احمد بدر شہید اور دیگر شہدا نے جرأت اور بہادری سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، شہدا نے بہادری اور جرأت کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا اور خود شہادت کا رتبہ پایا، کیپٹن احمد بدر شہید اور دیگر شہدا قوم کی دعاؤں کے مستحق ہیں، پوری قوم ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسران نے ملک کی بقا کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، مجھ سمیت پوری قوم ملک کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ شہدا کے اہلِخانہ پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں، پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کیپٹن احمد بدر شہید کے والد کرنل (ر) قاضی بدرالدین کے حوصلے اور اللہ کی رضا پر ان کی استقامت کو بے مثال قرار دیا،انہوں نے کہا کہ شہید کے اہلخانہ کا حوصلہ دیکھ کر سب کو جرأت اور حوصلہ ملا ہے، کہنا بہت آسان لیکن کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، ان کی استقامت اور صبر دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔
اس موقع پر کیپٹن احمد بدر شہید کے والد نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، اپنے بیٹے کی شہادت سے مجھے نیا حوصلہ ملا ہے، میرے بیٹے نے خود تو شہادت کا رتبہ پایا لیکن لوگوں کی جانیں بچائیں اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ اب میں اپنے بیٹے کے نام سے پہچانا جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک ہے تو سب کچھ ہے، میرا بیٹا اللہ کی امانت تھا جو اس نے لے لی، اپنے بیٹے کی جدائی کا افسوس ضرور ہے لیکن اس کی شہادت پر فخر ہے، میرے بیٹے نے میرا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
شہید کے والد نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ ان کے بیٹے کے نام پر اسکول تعمیر کیا جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے ان کی خواہش پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
قبل ازیں وزیراعظم میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کے گھر چکلالہ گئے۔
وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کی مغفرت اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں