قیاس آرائیاں بند کی جائیں،افغان مسئلہ حل کرنا تمام فریقین کی ذمہ داری ہے،پاکستان نےپرخلوص کوششیں کی،آرمی چیف

اسلام آباد(نیوزٹویو)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ  نے کہا ہےکہ افغان مسئلے کو حل کرنا تمام فریقین کی ذمہ داری ہے اس کے لیےتمام فریقین کو اپنا کردارا دا کرنا ہوگا قیاس آرائیوں اور قربانی کا بکرا بنانے کی روش کو ترک کرنا ہو گا۔ افغان مسئلہ خطے میں استحکام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔آرمی چیف نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے کور کمانڈرز اجلاس سےخطاب میں کہی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے اجلاس سےخطاب میں کہا کہ افغان مسئلہ خطے میں استحکام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے مفاہمتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے انتہائی پرخلوص اور سنجیدہ کوششیں کیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغان مسئلے کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے میں ہم نے سہولت دی اور ہر ممکن مدد فراہم کی۔

انہوں نے عسکری حکام کو ہدایت کہ کہ سرحدوں کی نگرانی انتہائی چوکس ہونی چاہیے۔ پاک افغان سرحد پر لیے جانے والے اقدامات بارڈر مینجمنٹ پالیسی کا حصہ ہیں۔ آرمی چیف نے بارڈر کنٹرول کے لیے موثر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی حکمت عملی، پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر اور اس کے پاکستانی کی اندرونی سیکیورٹی پر اثرات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے شرکا نے بین الاقوامی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں