لاہورمیں بارشوں کےباعث دوسرے دن مخلتف واقعات میں 4افرادجاں بحق 15زخمی

لاہور(نیوزٹویو) صوبائی دارالحکومت لاہور میں دوسرے دن بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سےجاری ہے،بارش کے باعث دیوار اور چھت گرنے کے دو مختلف واقعات میں کم از کم 4 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق شدید بارش کی وجہ سے چونگی امرسدھو کے علاقے میں بندی والا پُل کے قریب چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے جس میں 10 سال کی عمر سے کم تین بچے بھی شامل تھے۔ایک اور 10 سالہ بچے کو لاہور جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایک علحیدہ حادثے میں سرکاری مزنگ ٹیچنگ ہسپتال اور ساتھ کی عمارت کی دیوار گرنے سے 14 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق دیوار ہسپتال کی انتظار گاہ پر گری، جس کے سبب ’ویٹنگ شیڈ‘ بھی گر گیا جس کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں سر گنگا رام ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

گزشتہ روز پنجاب بھر میں کرنٹ لگنے، چھتیں گرنے، ڈوبنے اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 9 افراد کی اموات ہو گئی تھیں۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز ہونے والی 291 ملی میٹر بارش کو ’ریکارڈ‘ اور غیر متوقع قرار دیا تھا۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے بھی انہی خیالات کا مظاہرہ کیا تھا، انہوں نے نوٹ کیا کہ اتنے کم وقت میں اتنی زیادہ بارش سے گزشتہ 30 برس کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی (واسا) کے منیجنگ ڈائریکٹر غفران احمد نے مختلف انڈر پاسز پر نکاسی آب کا جائزہ لیا، جس میں کیپٹن مبین شہید انڈر پاس اور مختلف سڑکیں شامل ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشن اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور پانی کو نکالنے والے تمام جنریٹرز کے لیے ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

دوسری جانب، چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وہ فیلڈ میں موجود ہیں اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بیان میں بتایا گیا کہ زاہد اختر زمان نے کلمہ چوک انڈرپاس اور دیگر سڑکوں کا دورہ کیا اور تمام افسران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت جاری کی۔ چیف سیکریٹری نے تمام محکمہ جات کے سیکریٹریز کو انڈرپاس اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا جائزہ لینے کے احکامات دیے۔

بیان میں زاہد اختر زمان کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں جبکہ اس پر بھی زور دیا گیا کہ حکام نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے مزید پمپس کی تنصیب کے احکامات دیں۔

دریں اثنا، واسا مون سون کنٹرول روم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ جوہر ٹاؤن میں 57 ملی میٹر اور لکشمی چوک پر 38 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں