لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار  بارش کا سلسلہ جاری

لاہور(نیوزٹویو)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار  بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

پنجاب کے وسطی علاقوں میں صبح سویرے موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو کہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

لاہور میں موسلادھار بارش سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، سب سے زیادہ بارش گلشن راوی میں 173 ملی میٹر  ریکارڈ کی گئی، بارش کے باعث شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا

دوسری جانب چشتیاں میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کے 16 گھنٹے بعد بھی نکاسی آب نہ ہو سکی،  منڈی بہاءالدین کی  ڈسڑکٹ جیل میں بارش کے بعد ہنگامی صورتحال ہے اور   ڈسڑکٹ جیل سے 266 قیدیوں کو گجرات اور حافظ آباد منتقل کر دیا گیا۔

آزاد کشمیر کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی صبح سویرے بوندا باندی سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی

محکمہ موسمیات نے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 26 جولائی تک جاری رہنےکا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 جولائی تک کشمیر گلگت بلتستان مری، گلیات، اٹک میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، نارووال، فیصل آباد سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوں گی۔

 محکمہ موسمیات نے 22 سے 24 جولائی تک بارکھان، سکھر لاڑکانہ، عمر کوٹ، تھر پارکر، ٹھٹہ، کراچی اور  بدین سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہرکیا ہے۔

موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانولا میں نشیبی علاقے زیرآب آنےکا خدشہ  ہے جب کہ مری گلیات، گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 22 سے 24 جولائی تک کراچی اور حیدرآباد میں پانی جمع ہونے کے ساتھ ڈیرہ غازی خان اور شمالی مشرقی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے دوران عوام کو محتاط اور محفوظ مقامات پر رہنے کے ساتھ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں