لیاقت آباد کی رہائشی آبادی میں قائم چمڑے کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی

کراچی(نیوزٹویو)کراچی وسطی کے علاقے لیاقت آباد کی رہائشی آبادی میں قائم چمڑے کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی جسے بجھانے کے لیے متعدد فائر بریگیڈ ٹینڈر اور امدادی ادارے کام کر رہے ہیں۔سینٹرل فائر بریگیڈ آفس کے مطابق لیاقت آباد نمبر 4 میں نیرنگ سنیما کی عقبی رہائشی آبادی میں قائم چمڑے کے گودام میں آج دن 11 بج کر 35 منٹ پر آگ بھڑک اٹھی۔

آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کے ناظم آباد اور دیگر سینٹروں سے فائر فائٹرز اور آگ بجھانے والی گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں۔اطلاع ملتے ہی ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کار بھی موقع پر پہنچ گئے جبکہ پولیس اور رینجرز کو بھی طلب کیا گیا۔

فائر بریگیڈ کنٹرول کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے مزید گاڑیاں بھیجی گئی ہیں۔ آتشزدگی کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی اور نہ ہی اس سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگایا جا سکا ہے جبکہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع بھی نہیں ملی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں