مادر وطن سے دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں،آرمی چیف

راولپنڈی(نیوزٹویو) پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ  مادر وطن سے دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جمعہ کو بنوں کا دورہ کیا، آرمی چیف کو خودکش دھماکے کے ساتھ سکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، اُن کے عزم کو سراہا، آرمی چیف نے زیر علاج زخمی افراد کی عیادت کے لئے سی ایم ایچ کا دورہ بھی کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے زخمیوں سے صحت کے بارے میں دریافت کیا، آرمی چیف نے شہدا کے ورثا کو یقین دہانی کرائی کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں