محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتےپری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی

اسلام آباد(نیوزٹویو) پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں25 سے 30 جون تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جمعرات کو محکمہ موسمیات کی جانب جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مرطوب ہوائیں داخل ہو رہی ہیں اور اس کے علاوہ 25 جون سے ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس موسمی نظام کے زیر اثر 24 جون کی رات سے 30 جون کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر تیز، موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہا کہ ان علاقوں کے علاوہ میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر تیز، موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔اس سسٹم کے زیر اثر 26 جون کی رات سے 29 جون کے دوران بارکھان، لورالائی، سبی، نصیر آباد، قلات، خضدار، ژوب، زیارت، موسیٰ خیل، ڈی آئی خان، کرک، وزیرستان، ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولنگر، پاکپتن، اوکاڑہ میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز، موسلادھار بارش کی توقع ہے۔اس موسمیاتی نظام کے زیر اثر سکھر اور جیکب آباد میں 27 اور 28 جون کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس سسٹم کے زیر اثر گرمی کی موجودہ لہر میں کمی کا امکان ہے جب کہ موسلا دھار بارشوں کی صورت میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا اندیشہ بھی ہے۔ موسلادھار بارش اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور کے نشیبی علاقوں میں 26 اور 27 جون کو اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے اور ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ علاقوں کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلاب کا بھی امکان ہے۔

بیان میں مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ پیش گوئی کی مدت کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔ اس میں کسانوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے زرعی معاملات ترتیب دے محکمہ موسمیات نے کہا کہ آندھی، جھکٹر، گرج چمک اور شدید بارشوں کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آندھی اور تیز بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔ بیان میں تمام متعلقہ اداروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ الرٹ رہیں اور پیش گوئی کی مدت کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں